، وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا مظفرآباد شہر اور مضافات کا دورہ، بڑے کاروباری مرکز مدینہ مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقاتیں

مظفرآباد (آئی اے اعوان) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا مظفرآباد شہر اور مضافات کا دورہ، دورے کے دوران سب سے بڑے کاروباری مرکز مدینہ مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقاتیں کیں۔ برساتی نالوں میں تجاوزات کے بڑھتے ہوئے رحجان پر اظہار ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ایس ڈی ایم اے کو برساتی نالوں کے حوالے سے رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا۔ماحولیاتی ایشوز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔

بادل پھٹنے جیسے سانحات سے بچنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ ایس ڈی ایم اے کو سیٹلائٹ لنک سے منسلک کرنے سمیت جدید آلات سے آراستہ کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف کاروباری کے مراکز کے دورے کے دوران تاجروں سے بات چیت اور ایس ڈی ایم اے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ایس ڈی ایم اے کادائرہ کاربڑھادیاگیاہے جومینڈیٹ ہے وہ بڑھ گیاہے۔ انسانی زندگی کے متعلق جوبھی معاملات ہیں وہ ایس ڈی ایم اے کے دائرہ کارمیں ہیں۔ ایس ڈی ایم اے کی جونئی بلڈنگزبنیں گی اس میں ضروریات کی ہرسہولت شامل کریں گے۔ایمرجنسی ٹراما کے علاوہ ائر ایمبولینس کی سہولت بھی مہیا کریں گے۔ مختلف آفات اور ان کے خطرات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اداروں کی باہمی ہم آہنگی،عوامی آگاہی مہم، مختلف مراحل،درجوں پر مشتمل فرضی مشقوں اور میڈیا کے اہم کردار کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ایس ڈی ایم اے اجلاس میں وزیر شہری دفاع و سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی چوہدری اکبر ابراہیم، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہدایوب،ڈائریکٹرچوہدری عبدالرحمن،ڈائریکٹرسیدالرحمن قریشی، ڈائریکٹرنعمان شفیق،کمشنربحالیات چوہدری محمدفرید،ڈپٹی ڈائریکٹرسول ڈیفنس ظہیرعباس نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم اے کے بجٹ میں بھی اضافہ کریں گے اورمحکمہ کی جوضروریات ہیں انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے آگ لگ جاتی ہے،سیلاب آتاہے،سلائیڈنگ ہوتی ہے یاکوئی بھی قدرتی آفت ہوتی ہے تویہ سب ایس ڈی ایم اے کے دائرہ کارمیں آتے ہیں۔ایس ڈی ایم اے کا 15 کروڑ کا بجٹ ہے جو تنخواہوں اورانتظامی اخراجات پر خرچ ہو جاتا ہے جبکہ عوام کی سسکیاں کسی کو سنائی نہیں دیتیں۔

ایس ڈی ایم اے کا تینوں ڈویژنز میں سیٹ اپ بنایا جائے گا جہاں گریڈ 20کے الگ الگ ڈی جی ہوں گے جبکہ گریڈ 21کا آفیسر انچارج ہو گا۔ وزیر اعظم نے ایس ڈی ایم اے کا دائرہ کار وسیع کرنے سمیت استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کی۔قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بجٹ تقریر کے دوران کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام کو ریلیف و سہولت پہنچانے کے لئے قائم محکمہ ایس ڈی ایم اے کو بہتر اور فعال بنانے کا عندیہ دیا تھا اس ضمن میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایس ڈی ایم اے کو ٹیکنالوجی اور استعداد کار کے لحاظ سے جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رسپانس ٹائم 10 سے 15 منٹ ہونا چاہیے اس سلسلے میں تمام تر ضروری لوازمات پورے کئے جائیں گے اور فورس میں نئے لوگوں کو روزگارمہیا کیا جائے گا۔ ایس ڈی ایم اے کی مہارت میں اضافے کیلئے عملے کو پنجاب میں قائم 1122 سے ٹریننگ بھی کرائی جائیگی تاکہ ایس ڈی ایم اے قابل اعتماد ادارے کے طور پر اپنا لوہا منوا سکے۔وزیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ ادارے کو وزیر اعظم کی خواہش اور ویژن کے مطابق بنانے کے لئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ عوام کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریلیف و سہولت دینے کے لئے ادارے کو مثالی بنایا جائے گا تاکہ بوقت ضرورت مثالی کردار ادا کرسکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close