آزادکشمیر،چیف سیکرٹری کا وادی نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس، ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کرنے کارروائی کا فیصلہ

نیلم (آئی اے اعوان) آزادکشمیرکے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑنے وادی نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کرنے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وادی نیلم کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں ضلعی آفیسران کے اجلاس کی صدارت کے دوران وادی نیلم کی پسماندگی کو دور کرنے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے سیاحت اور ہائیڈرو پاور جنریشن کے فروغ سےمتعلق متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں ۔اجلاس میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن طاہر محمودقریشی، چیف انجینئر شاہرات (نارتھ)، ڈپٹی کمشنر خواجہ اعجازاحمد، پرنسپل سٹاف آفیسر و دیگر نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ کو اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام سید عمران عباس نقوی نے نیلم کی مجموعی صورتحال سمیت محکمہ ان لینڈ ریونیو، صحت، شاہرات، سیاحت، تعلیم اور لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی کارگزاری اور مسائل پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے چیف انجینئر شاہرات (نارتھ) کو حالیہ سیلاب کے نتیجے میں شونٹھرکے متاثرہ پل ہاء کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دوردراز اور دشوار علاقوں با لخصوص نیلم کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پالیسی وضع کرے گی۔

نیلم کی تعمیر و ترقی اور عوام کو فوری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ محکمہ صحت، شاہرات اورتعلیم و دیگر محکمہ جات شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔ بالائی نیلم اور برفانی علاقوں میں رسل و رسائل کے ذرائع، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔نیلم کے دورے کا مقصد یہاں کے معروضی حالات کا جائز لینا ہے۔ضلع نیلم جغرافیائی اعتبار سے آزاد کشمیر کا پسماندہ ترین علاقہ ہے جو نسبتاحکومت کی زیادہ توجہ کا مستحق ہے۔ نیلم میں ہائیڈل اور سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، سیاحت کی ترقی سے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔

جنگلات کے تحفظ کیلئے حکومت ایندھن کے متبادل ذرائع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ جات کے استعداد کار کو بڑھاکران میں موجود کمی بالخصوص سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ محکمہ صحت اور تعلیم سمیت تمام محکمہ جات کے سربراہان نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ماتحت ملازمین اور فیلڈ سٹاف پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تا کہ ان کی خدمات کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبہ جات کی تکمیل میں تأخیر کے عوامل کی نشاندہی کر کے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو سب ڈوین شاردہ کے دور دراز علاقوں میں بنیادی طبی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ کا نیلم کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمہ جات کے سربراہان نیک نیتی اور مشکل ترین حالات میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور اس میں مزید بہتر ی لانے کیلئے کوشاں ہے۔ ضلعی آفیسران کے جائزہ اجلاس میں ایس پی ساجد عمران،چئیرمین ترقیاتی ادارہ سید صداقت حسین شاہ،ناظم جنگلات نیلم سرکل میر نصیر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبد المتین،ایم ایس ڈاکٹر سجاد،ایکسئین شاہرات عبد الماجد،ایکسئین برقیات محسن میر،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ ذاکر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزنانہ سید شفقت حسین کاظمی، ڈی ایف واٹر شیڈ ڈویژن مقبول حسین شاہ، ڈی ایف او چوہدری مجتبی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت ملک مرتضی، چیف آفیسر بلدیہ سید قمر عباس، آفیسرڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد اختر ایوب، ایکسیئن عمارات ظہور ڈار، ڈی ایف سی انجینئر ابرار احمد میر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر افتخار گیلانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی گل نواز میر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ سعید احمد شاد،آفیسر اطلاعات محمد حنیف، ڈسٹرکٹ ویٹر نری آفیسر ڈاکٹر وقاص بٹ، اسسٹنٹ ایجو کیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم و دیگر نے شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close