روس پاکستان کی گیس کی ضروریات پوری کرنے پر راضی ہے، مریم اورنگزیب کا دعویٰ

اسلام آباد/سمرقند (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے دعوی کیا ہے کہ روس پاکستان کی گیس کی ضروریات پوری کرنے پر راضی ہے،وزیراعظم اور روسی صدر کے درمیان سمرقند میں ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ، شہباز شریف نے پیوٹن کوسیلابی آفت کے تباہ کن اثرات سے بھی آگاہ کیا اور کہاکہ پاکستان اورروس کے تعلقات مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں ، وزیراعظم نے تمام شعبوں میں روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

جمعرات کو اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی روسی صدر ولای میر پیوٹن سے سمرقند میں ایس سی او کانفرنس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سیلابی آفت کے تباہ کن اثرات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے دوران ملاقات کہا کہ پاکستان اورروس کے تعلقات مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے تمام شعبوں میں روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق ہونے والی ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی)کا اگلا اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر واضح طور پہ کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا اہم کردار ہے، افغانستان پربین الاقوامی مصروفیات کی رفتار کوتیز کرنا ضروری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نے افغانستان میں استحکام کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں