مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھانے کی ضرورت ہے، ابو ظہبی سے نیویارک پہنچنے کے استقبالیہ تقریبات سے صدر آزاد کشمیر کا خطاب

نیوجرسی (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ بھارت نے 5اگست2019کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں اور ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی ہے۔

اس کے لئے بیرون ملک مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اپنی آواز بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ابو ظہبی سے نیویارک پہنچنے کے بعداپنے اعزاز میں دی گئی۔ مختلف استقبالیہ تقریبات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے میں بیرون ملک آباد کشمیریوں کا اہم کردار ہے لہذا امریکہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اپنا اہم رول ادا کریں اور دنیا کو باور کرائیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے اور کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور کشمیری شہداء کا خون انشا ء اللہ جلد رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ لہذا میں بیرون ملک کشمیریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے جاندار انداز میں پیش کریں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close