آزاد کشمیر میں بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے ایک موثر لائحہ عمل طے کیا جائے، وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی ہدایت

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ہدایت کی ہے کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے ایک موثر لائحہ عمل طے کیا جائے جس کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے جو کہ 15 ایام کے اند ر اندر انڈسٹریل پالیسی وضح کرتے ہوئے اپنی تفصیلی سفارشات وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو بغرض منظوری بھیجے۔

بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور آزاد کشمیر میں وسیع پیمانے میں انڈسٹریلائزیشن کیلئے اگر کسی بھی قسم کی ٹیکس چھوٹ یا نرمی اور دیگر سہولیات کی ضرورت ہو تو اس ضمن میں بھی کمیٹی اپنی ضروری سفارشات دے اور ایک واضح انڈسٹریل پالیسی ترتیب دی جائے تاکہ جلد از جلد صنعتی شعبے میں استقامت پیدا کی جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کے بیمار صنعتی یونٹس کو دوبارہ فعال کرنے، سیاحت کے فروغ اور ٹیکس نظام میں بہتری کے امور زیر بحث لائے گئے۔ وزیر خزانہ، امداد باہمی و ان لینڈ ریوینیو عبد الماجد خان نے وزیر اعظم کو اس حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹرل بورڈ آف ریونیوفہیم احمد خان ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز خان ،ان لینڈ ریوینیو، سیاحت اورانڈسٹریز سے منسلک حکام اشتیاق احمد، چوہدری شکیل احمد، چوہدری عاصم شوکت، ظفر محمود خان ، باسط صدیق، سید انصر، اسداللہ خان ، سید علی اصغر ودیگر نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ و ان لینڈ ریوینیونے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایا کہ محکمہ ان لینڈ ریوینیو ریاست میں ٹیکس ریوینیو اکٹھا کرنے کے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔

صنعتی شعبے سے ٹیکس کی مد میں خاطر خواہ مالیہ سرکار بھی جمع ہو رہا ہے، لیکن نئے صنعتی یونٹس کے ساتھ ساتھ بیمار صنعتی یونٹس (sick units) کی بحالی نہ صرف مالیہ سرکار بلکہ ریاست کے معاشی استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کوضلع میرپور اور ضلع بھمبر میں موجود بیمار صنعتی یونٹس کی تعداد سے بھی آگاہ کیااورجن وجوہات کی بناء پر یہ یونٹس بند ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے ٹورازم پر خصوصی توجہ دی جار ہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے ٹورسٹ مقامات پر قائم ہوٹلز گیسٹ ہاؤسز کو بھی رجسٹرکیا جا رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نےہدایت کی کہ تمام اضلاع میں سیاحت سے متعلقہ جو بھی ٹیکسیشن مسائل اور معاملات درپیش ہیں ان کو بطریق احسن سلجھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو قدرت نے بے شمار سیاحتی مقامات سے نوازا ہے اور سیاحت کے شعبے کی ترویج کیلئے ہر طرح کی آسائشیں اور سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے سیاحتی شعبے کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور بہتر سے بہتر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے نہ صر ف ٹیکس معاملات کو یکسو کیا جائے بلکہ دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں محکمہ ان لینڈ ریوینیو کی ورکنگ اور محکمہ کو درپیش مسائل بھی زیر غور لائے گئے ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں