اسلام آباد (آئی این پی)سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما چوہدری فوادحسین نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے بعد رسمی طور پر پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن جائے گا جبکہ عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے،پنجاب حکومت بدلنے سے پہلے ہم وفاقی حکومت بدل دیں گے۔
جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات پہلے ہی بہت مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے وقت میں جب ملک کا بیشتر حصہ زیر آب آچکا ہے اس وقت چیئرمین عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف مقدمے بناکر ان کو نااہلی کے طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک کو انتخابات سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جن حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ان میں سے کسی میں بھی سیلاب نہیں تھا اور اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح ڈراما کیا کہ اپنی ہی حکومت کی سفارش پر انتخابات کے ملتوی ہونے پر کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئیں تو کیا آپ اس وقت سو رہے تھے جب آپ کی حکومت یہ خط لکھ رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہماری نظروں میں اس وقت غیرقانونی اور عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت کو قائم رکھنے کا اب ان کے پاس ایک ہی طریقہ ہے کہ یہ عمران خان کو سیاسی میدان سے باہر کردیں اور اس کے بعد انتخابات کروانے کی پوزیشن میں آئیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اس وقت عمران خان کے حق اور مخالفت کے درمیان بٹی ہوئی ہے اور اگر آپ یہ سمجھیں کہ اینٹی عمران خان کرکے ان کو نااہل کرکے پاکستان میں جمہوریت برقرار رہ پائے گی تو یہ ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان کو ایک بنانا ری پبلک کہا جارہا ہے جہاں ڈمی وزیر اعظم اور ڈمی کابینہ ملک میں ہے جبکہ اصل فیصلے کہیں اور ہو رہے ہیں اور اگر عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے بعد رسمی طور پر پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن جائے گا جس کو پاکستانی قوم تسلیم نہیں کرے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف کے سوا تمام جماعتیں حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف کی قیادت کو اس طرح باہر کرنا پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا، مزید کہا کہ گوجرانوالہ میں عمران خان آج ہفتے کو اپنی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی معیشت کی گرتی ہوئی صورتحال، مہنگائی اور سیاسی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے عام انتخابات کے لیے موجودہ حکومت کو زیادہ وقت نہیں دیا جاسکتا اور یہاں کی سیاست اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جو حقیقی آزادی کے طرف گامزن ہوگی اور لوگوں کی منتخب حکومت قائم کرے گی۔انہوں نے پنجاب حکومت گرائی تو ہم وفاقی حکومت گرادیں گے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں