ہیلی کاپٹر ہے یا ٹیکسی،کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنیوالے 1800 افراد کی فہرست منظرعام پر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے 1800 افراد کی فہرست نیب نے پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی)میں پیش کر دی جس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ہیلی کاپٹر پر 10 مفت وزٹ کیے جبکہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ ریحام خان نے 2 بار ہیلی کاپٹر پر مفت سفر کیا، ابرار الحق نے بھی ہیلی کاپٹر پر 2 ٹرپ مفت کیے۔پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی، حفیظ اللہ اور امین اسلم بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے ،

ہیلی کاپٹر استعمال کر نے والوں میں صحافی بھی شامل تھے ۔نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ پر چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ مفت ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں سے ریکوری کرکے رقم نیب میں جمع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے جس وجہ سے مجھے وزیراعظم نے دو گاڑیاں دی ہیں جس میں ایک بلٹ پروف ہے، مجھے ایک پارٹی لیڈر اور اس کے حواریوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم بلٹ پروف گاڑی واپس کر رہا ہوں

کیونکہ میں اس کا پیٹرول نہیں برداشت کر سکتا۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ آج کل پنجاب کا ہیلی کاپٹر بھی بہت زیادہ استعمال ہو رہا ہے نیب اس کو بھی چیک کرے،پی اے سی کی جانب سے نیب کو 1800 افراد کی لسٹ پیش کرنے پر تعریفی خط بھی لکھا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں