آرمی چیف سمیت کسی بھی فوجی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ وضاحت کریں، صدرمملکت

اسلام آباد(پی این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان آرمی چیف سے متعلق اپنی بات کی خود وضاحت کریں۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے جن کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے ، عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ خود وضاحت کریں ، میں کوئی کنفیوژن پیدا نہیں کرنا چاہتا،

جو بھی بات کرے درکار ہے کہ وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں ، وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگر رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں ، شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر ڈیل ہے ، پاکستان معاشی دباؤ سے نکل آیا ہے ،

دیگر ادارے بھی اب تعاون کریں گے ، دعا ہے کہ مہنگائی جلد ختم ہوجائے۔صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانور ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، یہ ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، جو کوئی بھی بات کرے احتیاط سے بات کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں