فواد چوہدری نے عمران خان اور نواز شریف کے بیک ڈور رابطوں سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عمران خان اور نواز شریف سے بیک ڈور رابطوں کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے۔

 

 

ایسی تمام اطلاعات محض قیاس آرائی یا کسی میڈیا سیل کی اختراع تو ہوسکتی ہے مگر اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملکی مستقبل کے معاملات یا فیصلوں کا حق کسی گروہ یا اشرافیہ کے پاس نہیں عوام کے ہاتھ میں ہے، انتخابات کی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے بغیر کسی خفیہ و اعلانیہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، سنجیدگی سے انتخابات کی تاریخ پر غور کیا جائے اور اس کا اعلان کیا جائے۔بتاتے چلیں کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بیک ڈور رابطوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، سینئر صحافی نعیم اشرف بٹ نے اے آر وائی نیوز پر رپورٹ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران برف پگھلنے لگی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہم حکومتی شخصیت سے ملاقات ہوئی، یہ ملاقات چند روز قبل اسلام آباد میں ہوئی، جس میں کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق ہوا جب کہ اس ملاقات میں آئندہ کے سیاسی سیٹ اپ اور انتخابات پر بھی بات ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close