جہانگیر ترین نے سیلاب متاثرین کیلئے بڑی امداد کا اعلان کر دیا

لندن ( پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر اور سیاسی رہنماء جہانگیر ترین نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کر دیا، امدادی سامان میں راشن، خیمے، ترپالیں، مچھر دانیاں، خواتین کے حفظان صحت کا سامان اور کیش امداد شامل ہے۔

 

 

تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے منحرف رہنماء نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے کاروباری اور مخیر حضرات آگے بڑھیں کیوں کہ کہ لاکھوں پاکستانیوں کی مدد کے لیے ایک مشترکہ قومی کاوش کی ضرورت ہے۔دوسری طرف ملک کے طول و عرض میں کئی روز مسلسل تباہی پھیلانے کے بعد سیلاب کا خطرہ بلاآخر ٹل گیا، سماء نیوز کے مطابق فلڈ وارننگ سیل نے بتایا کہ نوشہرہ میں تباہی مچانے والے دریائے کابل کی تیزی ختم ہوچکی اور اس میں پانی کی سطح دوبارہ معمول پر آگئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ گدو بیراج پر بھی پانی کی سطح گرگئی ہے اور سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، کابل اورسندھ کا 6 لاکھ کیوسک کا مشترکہ ریلا تونسہ بیراج سے ہوتا ہوا گدو بيراج کی جانب آیا جس کے بعد گدو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی گئی اور کہا گیا تھا کہ یہ سیلاب 8 روز تک جاری رہے گا تاہم اس وقت گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 85 ہزار کیوسک رہ گیا ہے اور یہ اونچے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی کیٹگری میں آگیا۔فلڈ وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ سکھر بیراج پر بھی پانی کی سطح گرنا شروع ہوگئی ہے اور پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 45 ہزار کیوسک پر آچکا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں اس میں مزید کمی کا امکان ہے۔

 

 

بتاتے چلیں کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث مزید مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1290 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوئے، 14 جون سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1290 ہوچکی ہے، سیلاب اور مخلتف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں