ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر بائیڈن کو ریاست کا دشمن قرار دیدیا

پنسلوانیا (پی این آئی) امریکہ کے سابق ری پبلیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن کو ریاست کا دشمن قرار دے دیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ایف بی آئی نے 8 اگست کو فلوریڈا میں ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، اس حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوانیا میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن حکومت پر الزام عائد کیا کہ اختیارات کے غلط استعمال کی ایسی مثال امریکا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس سے ایسا ردِ عمل سامنے آئے گا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا، بائیڈن نے بطور امریکی صدر اب تک کی سب سے شیطانی اور نفرت انگیز تقریر کی. ٹرمپ نے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ بائیڈن ریاست کے دشمن ہیں، آپ یہ جاننا چاہتے ہیں، ہم اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں سے نہیں۔انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے چھاپے میں تیسری دنیا کے ہتھکنڈے استعمال کیے، چھاپے سے ایک دن پہلے ایک انتہائی سیاسی مجسٹریٹ کو مقرر کیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے حقوق اور شہری آزادیوں کو اس طرح پامال کیا گیا جیسے ہمارا ملک تیسری دنیا ہے، ایسے چھاپہ مارا گیا جیسے ہم تیسری دنیا کی قوم کی طرح ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میری اہلیہ کے کپڑوں کی الماریوں کی تلاشی لی گئی، میرے 16 سال کے بیٹے کے کمرے کی تلاشی بھی لی گئی۔…

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں