سیلاب زدہ علاقوں میں ڈیوٹی کو مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دے رہے ہیں، ترجمان پاک فوج

اسلام آباد (پی این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے۔نیشنل فلڈ رسپانس سینٹر میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر سپاہی سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہا ہے اور افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خراب موسم اور دیگر چیلنجز کے باوجود پاک فوج کے جوانوں نے لوگوں کو ریسکیو کیا، ملک بھر میں آرمی، نیوی اور فضائیہ کے ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں 50 ہزار سے زائد افراد کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان غیر معمولی صورتحال میں ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ ہے، ہم اس ناگہانی آفت سے باہر نکل آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ جوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر امدادی کاموں میں حصہ لیا، سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ہوئے

ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، 6 افسران شہید ہوئے، شہدائے پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے، آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور امدادی کارروائیاں کا جائزہ لیا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلح افواج کے جوان ڈیوٹی کو مقدس فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں