پہلی بار ڈرون مار گرایا

تائی پے (پی این آئی) تائیوان کی فوج نے پہلی بار چینی ساحل کے قریب ایک جزیرے پر سویلین ڈرون مار گرایا، حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈرون تائیوان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ اس اقدام کے بعد تائیوانی وزیراعظم سوٹسینگ چینگ کا کہنا تھا کہ کئی بار کی وارننگ کے بعد یہی مناسب اقدام تھا۔

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق قبل ازیں تائیوان حکومت کی جانب سے چینی ساحل کے قریب تائیوان کے زیر کنٹرول جزائر پر چینی ڈرونز کی موجودگی پر انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ تائیوانی حکام کا کہنا تھا کہ ہم کشیدگی بالکل نہیں چاہتے لیکن چین کی جانب سے اس طرح کی بار بار دخل اندازیوں کو برداشت نہ کرتے ہوئے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔تائیوان کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون دوپہر کے اوقات میں ملکی حدود میں داخل ہوا، جس پر جزیرے پر موجود فوج نے اسے خبردار کرنے کی کوشش کی اور عمل نہ کیے جانے پر مار گرایا گیا، جس کی باقیات سمندر برد ہوگئیں۔واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ توائیوان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چین کی جانب سے تائیوان کے ساحلی علاقوں میں وسیع پیمانے پر جنگی مشقیں کی گئی تھیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدت پیدا ہوگئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں