آزاد کشمیر اسمبلی میں ایسی ترمیم پیش نہیں کریں گے جس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچے، چوہدری رفیق نیر

پلندری (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، سمال انڈسٹریز ماحولیات محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں کوئی ایسی ترمیم پیش نہیں کریں گے جس سے مسئلہ کشمیر یا تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے۔ ہندوستان نے کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کی جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔بلدیاتی الیکشن 30 نومبر سے پہلے کروائیں گے ہم کسی صورت اس کے خلاف نہیں ہیں تاہم الیکشن پراسس میں ریفارمز کروائیں گے،

الیکشن سے پہلے وارڈ بندی کو ٹھیک کروانا چاہتے تھے،بلدیاتی الیکشن میں سٹرکچر ٹھیک کرنا چاہتے تھے۔سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کیا گیا اور چیزوں کو بغیر سمجھے آگے پھیلا دیا جاتا ہے۔صحافی حقائق کو سامنے لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔صحافی کی مثبت تنقید سے معاشرے میں بہتری آ سکتی ہے۔قلم میں طاقت ہے ایک قلم کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔آزاد کشمیر میں پندرہویں ترمیم کا بڑا چرچا تھا جس کا کوئی دستخط شدہ مسودہ نہیں تھا۔صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، ان کی وجہ سے معاشرے کے مسائل حل ہو جاتے ہیں۔صحافی اگر نیک نیتی سے کام کر یں تو اس سے لوگوں کی مشکلات دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پریس کلب سدھنوتی کے تمام مسائل حل کریں گے کالونی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں گے. پریس کلب کے دفتر کے لیے وسائل بروئے کار لا جارہے ہیں۔اشتہارات بھی تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے.پریس کلب کے لیے ڈیتھ گرانٹ دی گئی ہے،پریس کلب سدھنوتی متحد و منظم ہے جس پر میں پریس کلب کے صدر سمیت دیگر عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پریس کلب کی اس تقریب میں سدھنوتی کے تمام سیاسی و سماجی شخصیات کی موجودگی سے یہاں لوگوں کا بھائی چارہ اور رواداری قابل تعریف ہے. مشیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ہمارا اثاثہ ہیں جو غازی ملت سردار ابراہیم خان، مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے ساتھیوں میں تھے اور آج بھی لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔یہاں کے لوگوں میں جن میں خان صاحب، کرنل نقی خان، مولانا سعید یوسف سمیت تمام لوگوں نے بھر پور کردار ادا کیا،

ان خیالات کا اظہار مشیر اطلاعات نے سدھنوتی پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت صدر پریس کلب سدھنوتی سردار سلیم محمود خان نے کی جبکہ تقریب میں مشیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی راہنماؤں، پریس کلب کے نمائندگان، سیاسی و سماجی جماعتوں کی سرکردہ شخصیات، ضلعی آفیسران سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔پریس کلب ڈسٹرکٹ سدھنوتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح کے لیے کام کر رہی ہے۔ پریس کلب سدھنوتی نامساعد حالات میں بہترین کام کر رہا ہے پریس کلب کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب سدھنوتی سردار سلیم محمود نے کہا کہ ہم تمام معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہیں،حکومت کی طر ف سے صحافیوں کی فلاح وبہبود پر شکریہ ادا کرتے ہیں،صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا،انہیں در پیش مشکلات کو موجودحکومت بہتر جانتی ہے،ہم امید کر تے ہیں کہ مزید بہتری ہو گی،اس موقع پر پریس کلب سدھنوتی کی طرف سے مشیر اطلاعات نے نمائندگان پریس کلب میں ان کی بہترین کارکردگی پر شیلڈز تقسیم کیں۔ پریس کلب سدھنوتی کی طرف سے سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے لیے خصوصی شیلڈ دی گئی جو ان کی طرف سے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات راجہ لطیف حسرت اور محکمہ اطلاعات کے آفیسران نے وصول کی۔انفارمیشن آفیسر سدھنوتی راجہ علاؤالدین خادم اور انفارمیشن آفیسر پونچھ ناصر لطیف کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔ پریس کلب کی طرف سے مختلف شخصیات کو ان کی سوسائٹی کے لیے کی گئی کاوشوں کے صلہ میں شیلڈز بھی دی گئیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close