جب بھی مسلسل اور مستقل مزاحمت کا ذکر ہو گا تو سید علی گیلانی کی یاد آئے گی، سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پیغام

اسلام آباد (آئی اے اعوان) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے آج بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مقبول ہے سید علی گیلانی ایک عہد کا نام ہے سید علی گیلانی مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی بہادری اور استقامت کا روشن نام ہیں،ظلم اور جبر کے سامنے جب بھی مسلسل اور مستقل مزاحمت کا ذکر ہوگاتو آنے والی نسلوں کو سید علی گیلانی کی یاد آئے گی۔

بابائے حریت کا نعرہ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘ آج بھی مقبوضہ کشمیر کا سب سے مقبول نعرہ ہے۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بد ترین مظالم کے سامنے کلمہ حق کہنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، سید علی گیلانی نے جرات اور بہادری سے ظلم و استبداد کا مقابلہ اور کبھی اپنے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آنے دی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم آج بھی جاری ہیں، گزشتہ روز بھی شوپیان میں تین کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کردیا گیا ہے،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی تحقیقات کروائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا سلسلہ بند کروائیں۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت سے جو خلا پیدا ہو ا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ بابائے حریت اپنی تمام عمر ظلم اور جبر کے سامنے ایک چٹان بن کر کھڑے رہے،وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہاکہ بطل حریت نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی اورآخری دم تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے سید علی گیلانی کو زندگی کے بیشتر عرصہ میں قید اور نظر بند رکھا گیا لیکن ان کے جذبے میں کمی نہیں آئی،، لازوال جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ رواں سال مقبوضہ کشمیر میں آج کے اس واقعے سے قبل 117 مختلف واقعات میں 147 نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیاگیا، صرف اگست کے مہینے میں 16 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا،بھارتی قابض افواج کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔اقوام متحدہ، او آئی سی اور دنیا کے مہذب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں و ادارے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں