نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی ) نیپرا نے بجلی مزید 4.34 روپے فی یونٹ مہنگی کردی، سی پی پی اے نے بجلی 4روپے 69 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں چار روپےچونتیس پیسےفی یونٹ اضافے کی منظوری دےدی ۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق نیپرا کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے تاہم تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔

حکام نے بتایا کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے7 ارب 42 کروڑ سے زائد کااضافی اور ایل این جی کی قلت سے 6 ارب 93 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑا۔سی پی پی اے نے بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد جب کہ کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 1.46 فیصد اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

مقامی گیس سے 10.36فیصد، درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد اور جوہری ایندھن سے 14.20 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے کے مطابق ڈیزل سے پیدا بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی اور فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی جب کہ جوہری ایندھن سے پیدا شدہ بجلی کی لاگت ایک روپے فی یونٹ رہی۔

خیال رہے کے الیکٹرک کی جولائی کے لیےتین روپے سینتالیس پیسے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کم کرنے درخواست جمع کی ہے جبکہ سہ ماہی کیلئے چودہ روپے سے اوپر کا فیول ایڈجسٹمنٹ مانگا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close