مظفر آباد، ہماری ساری کوشش آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاری رہے گی، کیڈٹ کالج مظفر آباد صدر آزاد کشمیر کا خطاب

مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزا د کشمیر ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے زور بازو سے آزاد کروایا تھا اور اب ہماری ساری کوشش آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نو لاکھ بھارتی فوج سے بر سر پیکار ہیں ہم مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہماری یہ جدو جہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جار ی و ساری رہے گی۔

2018 میں آزاد کشمیر کے دوسرے کیڈٹ کالج مظفرآباد نے کام شروع کیا اس سے قبل جب میں وزیراعظم تھا تو میں نے 1999 میں آزاد کشمیر کے پہلے کیڈٹ کالج پلندری کا افتتاح کیا تھاا ور آج جبکہ میں آزاد کشمیر کا صدر ہوں تو میں بطور صدر آزاد کشمیر 5یونیورسٹیز کا چانسلر بھی ہوں میری یہ خواہش ہے کہ آزاد کشمیر میں معیار تعلیم کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں اور تعلیمی اداروں میں جو طلباء آئیں ان کی بنیاد مضبوط ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مظفرآباد میں چھتر کلاس کے مقام پر کیڈٹ کالج مظفرآباد میں ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کیڈٹ کالج مظفرآباد پہنچے تو پرنسپل کیڈٹ کالج مظفرآباد برگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر منظور احمد عباسی (ستارہ امتیاز ملٹری) نے اساتذہ کے ہمراہ معزز مہمان کا کالج آمد پر استقبال کیا۔ بعد از استقبال کیڈٹس نے صد ر گرامی کو کالج آمد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا۔ صدر ریاست سے پریڈ کا معائنہ کروایا گیا اور انہیں مارچ پاسٹ کرتے ہوئے آڈیٹوریم لایا گیا۔ جہاں صدر ریاست کا تالیوں کی گونج میں پرجوش استقبال کیا گیا۔ آڈیٹوریم میں معزز مہمان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز کلام پاک سے ہوا۔ بعدازں نعت شریف اور کلام اقبال پیش کیا گیا اور کیڈٹس نے مختلف موضوعات پر اردو اور انگریزی میں پرجوش تقاریر بھی کیں۔ اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج مظفرآباد برگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر منظور احمد عباسی نے اپنے تعارفی خطاب میں معزز مہمان کا کالج آمد پر شکریہ ادا کیا اور کالج میں جاری تعلیمی، نصابی اور ہم نصابی سر گرمیوں کے بارے میں مطلع کیا نیز کالج میں جاری منصوبوں اور آ ئندہ آنے والے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر کیڈٹ کالج مظفرآباد کے طالبعلم کیڈٹ حمزہ نے صدر ریاست کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کینٹ پبلک سکول راولپنڈی سے میٹرک کیا، گارڈن کالج سے گریجویشن کیا، یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ برطانیہ سے اکنامکس اور پولیٹکس میں آنرز ڈگری حاصل کی جبکہ لندن سٹی پولی ٹیکنک برطانیہ سے انٹرنیشنل لاء میں ڈپلومہ حاصل کیا جبکہ معروف تدریسی درسگاہ لنکنز ان سے بار ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی اور بحیثیت قانون دان دو سال تک پریکٹس بھی کی۔ 1985 میں پہلی دفعہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور آزاد کشمیر کی تاریخ میں سب سے زیادہ نو مرتبہ میرپور سے ممبر اسمبلی منتخب ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔ 1996 سے 2001 تک آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہے اور 2001 میں آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہوئے۔ جبکہ 25اگست 2021 کو صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ان کی سیاسی زندگی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سے عبارت ہے اور انہوں نے اپنے دور حکومت میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی۔ اس موقع پر صدرریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پرنسپل کیڈٹ کالج مظفرآباد نے اپنے خطاب میں کیڈٹ کالج کو درپیش جن مسائل کا ذکر کیا ہے ہم انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے جبکہ ہم فوری طور پر کیڈٹ کی ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بس کا اعلان کرتا ہوں۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کیڈٹس کی کارکردگی کو مثالی قرارا دیا اور گزشتہ سال بورڈ کے شاندار رزلٹ پر مبارک بادبھی دی۔ یہی تعلیمی ادارے ہیں جہاں سے مستقبل کے معمار نکلیں گے۔جنہوں نے قوم کی بھاگ ڈور سنبھا لنی ہے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close