صدر آزاد کشمیر سے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ کی ملاقات، صدر کی چیف سیکرٹری کو سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (آئی اے اعوان) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ کووادی نیلم سمیت آزاد کشمیر میں بارشوں،لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر ملاقات میں آزاد کشمیر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوں بالخصوص وادی نیلم میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن طبی و مالی امداد فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے بھی گفت و شنید کی گئی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close