عمران خان کی ٹیلی تھون میں چند گھنٹوں میں ہی کتنے کروڑ روپے جمع کر لیے گئے؟ بڑی خبر

اسلام آباد (پی این آئی) سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عمران خان کی ٹیلی تھون مہم، چند ہی منٹوں میں 85کروڑ روپے جمع ہو گئے، امریکا میں مقیم پاکستانی شخص کی جانب سے 22 کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان، ٹیلی تھون سے ملنے والی رقم پورے ملک میں خرچ کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیلی تھون سے ملنے والی رقم پورے ملک میں خرچ کی جائے گی، سیلاب سے ایک ہزار ارب سے زائد کا نقصان اور ایک ہزار اموات ہوچکی ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔انہوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ٹیلی تھون مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون کا مقصد پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے اکاؤنٹس کھولے ہیں لیکن ان اکاؤنٹس میں جو بھی پیسا آئے گا وہ پورے ملک میں خرچ کیا جائے گا، پیسے کی تقسیم ڈاکٹر ثانیہ نشتر کرے گی، کورونا کے دوران ہمارا احساس کا پروگرام تھا اس کی شفافیت کو دنیا میں تسلیم کیا گیا ،پیسا اکٹھا جو ہوگا اس کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔پاکستان میں ایک بہت بڑا امتحان ہے، سارا ملک متاثر ہے، ہم نے فیصلہ کیا ساری قوم مل کر اس امتحان کا سامنا کرے، اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ابھی تک 1000 ارب سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے، جائزہ لگایا جا رہا ہے۔

ایک ہزار سے اوپر لوگوں کی اموات ہوچکی ہیں، ملک کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا مقابلہ کوئی حکومت نہیں بلکہ قوم کرسکتی ہے، اب جو سیلاب آیا ہے یہ 2010 سے بھی بڑا سانحہ ہے، پاکستان اور بیرون ملک پاکستانی بھی اس میں شرکت کریں اور عطیات دیں۔عمران خان نے کہا کہ میں ایک بات کرنا چاہتا ہوں کہ قوم سن رہی ہے ہمارے اوپر اس وقت الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کا کیس کیا ہوا ہے، اب یہ ہے فارن فنڈنگ ہے، بیرون ملک پاکستانی اپنے ملک کیلئے درد رکھتے ہیں، میرا ان سے بہت زیادہ رابطہ ہے، یہ بڑا اثاثہ ہیں، ان لوگوں نے نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم کیلئے فنڈ کیا، یہ ہمارا اثاثہ ہے یہ فارن فنڈنگ نہیں ہے، انہی کے ترسیلات زر کی بدولت ملک چلتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں