لاہور( آئی این پی)محکمہ لائیو سٹاک دعوئوں کے باوجود جانوروں میں پائی جانے والی لمپی سکن بیماری پر قابو پانے کیلئے مطلوبہ ویکسین کی دستیابی کویقینی نہ بنا سکی ۔ ذرائع کے مطابق لمپی سکن پر قابو پانے کیلئے 14ملین ویکسین کی ضرورت ہے اور محکمے کے دعوے کے مطابق ابھی تک صرف 8ملین ویکسین کی دستیابی کے اعدادوشمار سامنے آئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق اب ایک سال بعد کہا جارہا ہے کہ ویکسین درآمد کی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ویٹرنری یونیورسٹی پر انحصار کیا جارہا ہے اور اسے کہا گیا ہے کہ وہ دو ملین ویکسین تیار کر کے دے ۔ذرائع کے مطابق محکمے کی واضح پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے مویشی پالنے والے افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ بیماری کی وجہ سے جانوروں کی اموات بھی ہو رہی ہیں ۔دوسری جانب مارکیٹ میں جعلی ویکسین کی بھرمار ہے اور سیکرٹری لائیو سٹاک کے نوٹس لینے کے باوجود ابھی تک موثر کارروائیوں کا آغاز نہیں ہو سکا ۔ذرائع کے مطابق ا س بیماری کی شدت کو دیکھتے ہوئے ایمر جنسی ڈیکلئر کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئی تھی جس کی وجہ سے ترقی یافتہ ممالک سے ویکسین کی صورت میں امداد ملنے کی توقع تھی لیکن اس طرف بھی پیشرفت نہیں کی جا سکی ۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں