آزاد کشمیر کے سابق وزیر چوہدری مقبول گجر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی صلح ہو گئی

اسلام آباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر کا بینہ کے سابق وزیر ،ممبر قانون ساز اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری مقبول گجر اور وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کے درمیان صلح ہو گئی۔ دونوں راہنماؤں نے مل کر عوام کی خدمت کا عہد کر لیا۔مقبول گجر نے ایک بار پھر وزیر اعظم آزادکشمیر و تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار کیا۔ چوہدری مقبول گجر نے سردار تنویر الیاس سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،

ملاقات میں جماعتی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چوہدری مقبول پارٹی اور حکومتی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔مل کرریاستی عوام کی خدمت جاری رکھیں۔ عوامی خدمت ہمارا منشور ہے، عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں اقتدار نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ اس موقع پر معروف بزنس مین چوہدری عامر،ڈی جی فوڈ اتھارٹی سردار عتیق سخاوت۔پولیٹکل سیکرٹری کرنل(ر) شجاعت، معاون خصوصی برائے یوتھ راجہ سبیل، انچارج ترقیاتی منصوبہ جات پونچھ ڈویژن سردار امتیاز شاہین اور دیگر موجود تھے۔ چوہدری مقبول گجر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

سردار تنویر الیاس خان ایک دلیر،محب وطن اور وژنری وزیر اعظم ہیں۔ان کی قیادت میں کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش رنگ لائے گی اور عمران خان کے وژن کے مطابق لوگوں کو بدلا ہوا آزادکشمیر ملے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں