وفاقی وزیر مذہبی امور کا بزنس کمیونٹی کا وکیل بن کر بھرپور جدوجہد کرنیکا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ تجارت ایک بہترین پیشہ ہے ۔ اس سے معاشرے میں ترقی ، خودداری کا ایک ملکہ پیدا ہوتا ہے۔ اچھے اور باکردار تاجر ہوجنت میں انبیاء کے کرام اور امت کے صالحین کے ساتھ ہوں گے۔ تجارت کا اسلام میں اتنا بڑا درجہ ہے۔ غلام ذہینت بیورو کریسی کے نتیجے میں تباہی ہمارا مقدر بن چکی ہے۔

جمعیت علماء اسلام ایف پی سی سی آئی کے شانہ بشانہ ہے اور میرے سمیت تمام وزراء آپ کا سفیر اوروکیل بن کر آپ کے حقوق کی جنگ لڑیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر امین اللہ بیگ، نائب صدر سارک چیمبر سینیٹر حاجی غلام علی، چیئرمین کوآرڈینیشن مرزا عبدالرحمن و دیگر سے ملاقات کے دوران کہی ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبران فیاض علی، اویس ستی ، ریجنل کوآرڈینیٹر پشاور سرتاج احمد خان، سابق نائب صدور قربان علی، شاہد الرحمن، ریاض خٹک ، اسلام آباد چیمبر سے عابد خان ، شاہد احمد ، آغا ، مہمند چیمبر کے صدر سجاد علی ، راولپنڈی وومن چیمبر کی سینئر نائب صدر الماس اختر، ایگزیکٹیو ممبران شبانہ اجمل، عائشہ شاہد، صبونی حسین، پشاور چیمبر سے طہماش خان سمیت خاور عاطف خان، عرفان جاوید ، ڈاکٹر آفتاب اقبال شیخ و دیگر بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر امین اللہ بیگ نائب صدر سارک چیمبر سینیٹر حاجی غلام علی، چیئرمین کوآرڈینیشن مرزا عبدالرحمن اور سابق نائب صدر قربان علی، شاہد الرحمن، ریاض خٹک نے امسال بہترین حج خدمات پر وفاقی وزیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی وزارت مذہبی امور کے ساتھ ملکر حج و عمرہ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کرنا چاہتا ہے جس کے لئے ہم نے تجاویز بھی تیار کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جب بھی ضرورت پڑی بزنس کمیونٹی نے بھرپور تعاون کیا مگر حکومت نے ہمیں ہمیشہ نظر انداز کیا ہے ۔

وفاقی وزیر مذہبی امو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور ملک کی معاشی و تجارتی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اور ٹریڈ باڈیز کے ممبران و ملازمین کیلئے ایف پی سی سی آئی کو خصوصی حج کوٹہ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی وزارت کے ساتھ ملکر نیک کاموں اور ملکی و عالمی سطح پر بھر پور تعاون کرے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ایف پی سی سی آئی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خود کفیل قومیں اور فلاحی ریاستیں خود دار بن جاتی ہیں اور جو معاشی طور پر مفلوج ہوتے ہیں وہ بھکاری بن جاتے ہیں اوردنیا میں ان کو کوئی عزت نہیں ملتی ۔صنعت و تجارت کا جو بھی نظام ہے وہ وزارت تجارت اور خزانہ سے وابستہ ہے مگر ہم بھی اسی حکومت اور کابینہ کا حصہ ہیں ۔ ہم ایک جان بن کر آپ کیساتھ کام کریں گے ۔ آپ کا نمائندہ ، آپ کا سفیر اور وکیل بن کر آپ کے مسائل حل کرائیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران میں خود براہ راست تمام انتظامات کو چیک کرتا رہا۔ کہیں کوئی خامی ہوتی فوراً جرمانہ کرتے جس کی وجہ سے کرپشن میں خاطرخواہ کمی ہوئی اور اس سال حج بہترین ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ پاکستان چیمبر میں خواتین کا بھی حصہ ہے ۔اسلام نے آپ کو یہ حق دیا ہے کہ خواتین بھی کاروبار کی مالک بن سکتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پہلی خاتون تاجر ایک خاتون حضرت خدیجۃ الکبریٰ تھیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کرائسس کے حالات میں حاجیوں کے لئے میں نے اسی حکومت سے سبسڈی لی جو آج تک کسی نے نہیں لی ۔ انہوں نے یقین دلایاکہ بزنس کمیونٹی کے جو بھی مسائل ہیں انکو بھرپور طریقے سے کابینہ میں اٹھاوں گا اور وزیر اعظم سے بھی خصوصی طور پر بات کروں گا۔ آپ مسائل کی نشاندہی کریں ہم حل نکالنے کی کوشش کریں گے ۔ آپ اور ہم ایک ہی ہیں۔ مل کر اس ملک کے لیے کام کریں گے ۔ بزنس کمیونٹی نہ ہو تو ملک کو کیسے چلائیں گے ۔ ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ ہم ہر جگہ آپ کو ملیں گے ۔ ہم پروٹوکول والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے تمام وزراء بزنس کمیونٹی کے شانہ بشانہ ہیں ۔ حکومت سے آپ کا حق دلا کر رہیں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں