الیکشن کمیشن کی توہین کا الزام، عمران خان کو 30 اگست کو طلب کر لیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی )سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین کا کیس سماعت کے لیے مقرر ہو گیا ۔جمعہ کی شب ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اگست کو طلب کر لیا ہے۔واضح رہے گزشتہ جمعے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنمائوں اسد عمر اور فواد چودھری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری نے تقاریر میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کی اور توہین آمیز بیانات د یئے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر بھجوایا گیا۔ عمران خان نے 12 جولائی کو بھکر میں جلسے کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔نوٹس کے مطابق عمران خان نے بھکر جلسے میں الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے۔ عمران خان نے 18 جولائی کو بھی عوام سے خطاب میں توہین آمیز تقریر کی اور الزامات لگائے۔نوٹس کے مطابق عمران خان نے 21 اور 27 جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close