پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سوئی ناردرن گیس کے کارپوریٹ بریفنگ سیشن کا انعقاد

لاہور (پی این آئی) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام جمعہ، 26 اگست کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج، کراچی میں کارپوریٹ بریفنگ سیشن منعقد ہوا۔ اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ علی جے ہمدانی نے تجزیہ کاروں، سرمایہ کاروں اور حصص یافتگان کو کمپنی کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریف کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے کہا کہ ادارے کو مالی سال 20-2019ء میں 5.99 ارب روپے کے مقابلے میں مالی سال 21-2020ء میں 10.99 ارب روپے کا منافع ہوا جو 83 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یو ایف جی اور مالی اخراجات میں کمی، آپریشنل صلاحیت میں بہتری اور ٹیکنولوجی کے استعمال کو اس بہتری کی اہم وجوہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-2021ء کی پہلی سہ ماہی میں ادارے کو 3.03 ارب روپے منافع حاصل ہوا ہے۔

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے کہا کہ ادارے کے نفع اور معاملات میں زبردست بہتری کا سہرا کمپنی کی انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنولوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک اپ گریڈیشن نے کمپنی کی نمو کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسکاڈا کی تنصیب، نیٹ ورک کی جی آئی ایس میپنگ، کسٹمر سروسز میں مزید بہتری کے لیے موبائل ایپس کے لانچ اور عوامی مقامات پر کیوسکس کے قیام جیسی کاوشوں سے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔ملکی توانائی کے شعبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے کہا کہ ملکی گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی کے باعث گیس سپلائیز میں آر ایل این جی کا حصہ 53 فیصد تک پہنچ چکا ہے جو مزید بڑھتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کو بین الاقوامی اور علاقائی معاملات کے باعث آر ایل این جی کی کم سپلائی کا اندازہ ہے اور اسی لیے کمپنی توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے متبادل آپشنز پر غور کررہی ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں شمالی وزیرستان بشمول بنوں میں حال ہی میں دریافت ہونے والے گیس ذخائر سے نیٹ ورک بچھانے کے حوالے سے تیز تر ترقیاتی کام کرنے کے سلسلے میں بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ادارے کے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے کمپنی انتظامیہ نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس ایل پی جی سلنڈر کی فروخت، شمسی توانائی، بائیو گیس، ای پی سی، اور تکنیکی مہارت فراہم کرنے جیسے متنوع امکانات پر بھی غور کررہی ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی سوئی ناردرن نے ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے شدید سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ناردرن گیس اس مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔تقریب میں سوئی ناردرن گیس کے سی ایف او فیصل اقبال، سینیئر جنرل مینیجر (بی ڈی) سید جواد نسیم، سینیئر جنرل مینیجر (ڈسٹری بیوشن) ثاقب ارباب، سینیئر جنرل مینیجر(ای ایس) عمران یوسف، جنرل مینیجر (اکاؤنٹس) کامران اکرم اور کمپنی سیکرٹری امتیاز محمود بھی موجود تھے۔ کارپوریٹ بریفنگ سیشن میں تجزیہ کاروں، سرمایہ کاروں اور حصص یافتگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مینجنگ ڈائریکٹر کی قیادت میں سوئی ناردرن کی ٹیم کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔بریفنگ کے اختتام پر حاضرین نے مختلف سوالات کیے جن کے مینجنگ ڈائریکٹر اور سینیئر انتظامیہ نے جوابات دیے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں