بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافے کے خلاف احتجاج، سینکڑوں افراد نے جی ٹی روڈ بلاک کر دی

کالاشاہ کاکو(آئی این پی)بجلی کے بلز میں کئی گنا اضافے کیخلاف کالاشاہ کاکو اور گردو نواح میں شہریوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، مختلف دیہات کے سینکڑوں افراد کا جی ٹی روڈ پردھرنا، حکومت کیخلاف نعرے بازی، احتجاج کے سبب گاڑیوں کی کئی کلو میٹر تک لمبی قطاریں لگنے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافے پر شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں ،

بجلی کے بلز میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مدمیں کئے گئے کئی گنا اضافہ کے باعث شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ تیسرے روزبھی جاری رہا۔ موضع نون اور دیگر تقریب آبادیوں کے سینکڑوں افراد نے جی ٹی روڈ پر راوی ریان سٹاپ کے قریب احتجاجی دھرنا دیا۔ جی ٹی روڈ پر احتجاجی دھرنے کے سبب دوطرفہ ٹریفک معطل ہونے سے دور دور تک گاڑیوں کی لمبی لائینں لگ گئیں اور گاڑیوں میں سوار مسافر شدید گرمی اور حبس کے سبب پریشانی سے دورچارہے ہوتے رہے ۔ جی ٹی روڈ پر احتجاج کرنیوالے لوگوں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی وہ مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں پریشان ہے اوپر سے حکومت نے بجلی کیہوشربا بلوں کے ذریعے انکا چین بھی چھین لیا ہے ، لیسکو آفس والے بات سننے کو تیار نہیں ۔ مظاہرین نے بجلی کے بلز میں ظالمانہ ٹیکس کے خاتمہ تک بل نہ جمع کروانے کا اعلان کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں سے کئی گنا زائد بل بھیجے گئے ہیں۔ بل جمع کروائیں، گھر کا کرایہ ادا کریں یا بچوں کو کھلائیں۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ واپس لینے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں متعلقہ پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو بحال کروادیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو روز سیکالاشاہ کاکو کے مختلف مقامات پر شہریو ں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں