بجلی کی قیمت میں پھر ہوشربا اضافے کا امکان

لاہور(پی این آئی)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جولائی کے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کیلئے نیپرا کو درخواست جمع کر ادی جس پر 31اگست کو سماعت ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے کہ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کی جائے۔نیپرا اتھارٹی 31 اگست کو اس درخواست پر سماعت کرے گی،

اضافے کی صورت میںصارفین پر 65 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد، کوئلے سے 12.74 فیصد، ڈیزل سے 1.46 فیصد، فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے کے مطابق ڈیزل سے پیدا بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی، فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 10.36 اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی،

ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔جوہری ایندھن سے 14.20 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس کی لاگت 1 روپے فی یونٹ رہی۔سی پی پی اے نے بتایا کہ جولائی کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی، اس طرح جولائی میں کل 13 ارب 76 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close