اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر اعظم عمران خان کی شہباز گل کے لئے ریلی نکالنے کے اعلان پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عوام کے لئے وارننگ جاری کر دی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی جگہ پر جلسے جلوس، ریلی اور لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہیں ہے، عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کسی بھی جگہ پر 5سے زائد افراد اکٹھا نہ ہوں، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے والے کے
خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے یہ پابندی 23جولائی 2022 سے عائد ہے کہ ہر قسم کے عوامی اجتماعات اور جلسے جلوس ، ریلیاں نہیں نکالی جا سکتیں۔دوسری جانب وفاقی پولیس نے رہنماء پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی طرف سے ان کے گھر پر چھاپے سے متعلق ٹوئٹ کی مکمل تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس واقف ہے کہ کونسا رہنماء کہاں رہتا ہے ۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کے
گھر پر پولیس چھاپے کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس رہنماء پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی طرف سے ان کے گھر پر چھاپے سے متعلق ٹوئٹ کی مکمل تردید کرتی ہے اسلام آباد پولیس واقف ہے کہ کونسا رہنماء کہاں رہتا ہے ۔ وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومتی ادارے کے خلاف غلط پروپیگنڈہ افسوس ناک اور چند لوگوں کی طرف سے جھوٹی مہم کا حصہ ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں