وزیراعظم آزادکشمیر کا مہاجرین کے 100بچوں کو سرکاری ملازمت دینے، بچوں کی تعلیم و شادیوں کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے، مہاجرین کیمپوں کے باسیوں کو قرضوں کے لئے 3 کروڑ روپے کا اعلان

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا مہاجرین کے 100بچے بچیوں کو سرکاری ملازمت دینے ، مہاجر کیمپ امبور میں گزلزمڈل سکول کے قیام ،مہاجرین کے بچوں کی تعلیم و شادیوں کےلئے ڈیڑھ کروڑ روپے ، مہاجرین کیمپس کے باسیوں کو قرضوں کی فراہمی کےلئے3کروڑ روپے دینے کا اعلان ۔

مہاجرکیمپ امبور مظفرآباد میں مہاجرین گزارہ الاؤنس میں فی کس 1500روپے ماہانہ اضافے کا نوٹیفکیشن مہاجرنمائندہ چوہدری فیروز الدین کو دینے کے بعد ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ ایل او سی کے دوسری جانب رہنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ مہاجرین عظیم مقصد کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر یہاں آئے ، اپنے آباؤ اجداد کا علاقہ چھوڑنا آسان نہیں ، مہاجرین کے جذبے کوسلام پیش کرتا ہوں ،مہاجرین کی مشکلات کا احساس ہے ۔ مہاجرین کو ہم سہولیات نہ دے سکے جس پر ان سے معذرت خواہ بھی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ میرے خلاف اگر کو ئی بات کرتا ہے تو وہ اسکا حق ہے ، آج مہاجرین کےلئے جن منصوبو ں اورفنڈز کا اعلان کیا وہ میرا فرض تھا ۔ مہاجرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ملازمتوں میں مہاجر کوٹہ پر سوفیصدعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہیں پختہ گھروں کی تعمیر سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔اس موقع پر وزراءحکومت خواجہ فاروق احمد، دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد رشید، پارلیمانی سیکرٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی اور جاوید بٹ ، ممبراسمبلی دیوان غلام محی الدین ، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصور خان ، اظہر گیلانی ، کمشنر بحالیات چوہدری محمد فرید ودیگر بھی اس موقع پر موجودتھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے امبور مہاجر کیمپ کے لیے 80کنال قبرستان کےلئے جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قرادادوں کے مطابق اپنے حق مانگ رہے ہیں ۔ ہندوستان ہندوتوا کی عینک اتار کر دیکھے ، انسانیت نظر آئے گی۔ ہندوستان سیکولر جمہوریت کے قابل بھی نہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی میں ہجرت پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالہ جات کروائے جائیں ، حکومت انہیں انعامات دیگی۔ انہوں نے کہاکہ قائد پاکستان عمران خان نے مہاجرین کےلئے ہاوسنگ سکیم کی منظوری دی جس طرح آج مہاجرین عمران خان کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کومہاجرین کے دکھ اور مشکلات کا احساس تھا۔ انہوں نے کہاکہ مہاجرکیمپ کےلئے1کروڑ50لاکھ روپے دیں گے اور اس سلسلہ میں 10دن میں وزراءکرام کی کمیٹی بن جائیگی جو مہاجرین کے بچوں اور جن بچے بچیوں کی شادی کے اخراجات کےلئے یہ رقم دیگی۔ مہاجرین کو قرضوں کی مد3کروڑ دیے جائیں گے جس میں سے فی کس 10لاکھ قرضے دیے جائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کے حلقہ کھاوڑہ میں موجود راڑہ اور بسناڑہ مہاجر کیمپوں کے رہنے والے مہاجرین پر آج کے تمام اعلانات کا اطلاق ہو گا۔ امبور مہاجر کیمپ آمد پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر عمران خان ،سردار تنویر الیاس خان ،افواج پاکستان اور پی ٹی آئی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ مہاجرین کی جانب سے مہاجر گزارہ الاؤنس میں اضافے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیربلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ مہاجر گزارہ الاؤنس میں اضافے پر وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پی ٹی آئی کی حکومت جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے ، عید کے دن وزیراعظم سے مانکپیاں مہاجرکیمپ میں پل کا مطالبہ کیا تھا وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے 10دن میں پل کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہاکہ معاشی مشکلات کے باوجود وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے مہاجر گزارہ الاؤنس میں اضافے کا اعلان کرکے آج نوٹیفکیشن مہاجرین کو دیدیا ہے ۔مہاجرین کو پہلے ماہانہ 2000فی کس ماہانہ ملتا تھا جو کہ اب 3500ماہانہ ملے گا۔ تقریب سے چوہدری فیروز الدین ، گوہر کشمیری ، عاطف جان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں