2ماہ کی تنخواہیں بونس میں دینے کا اعلان، سرکاری ملازمین کی تو موجیں لگ گئیں

اسلام آباد(پی این آئی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان زیریں کے ملازمین کو مزید 2ماہ کی تنخواہ بونس میں دینے کا اعلان کر دیا۔رواں سال مئی میں بھی قومی اسمبلی کے ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

 

موجودہ اعلان قومی اسمبلی کے ان ملازمین کے لیے کیا گیا ہے جنہوں نے یوم آزادی کے تقریبات میں حصہ لیا، انہیں 2 ماہ کی تنخواہ بونس میں دی جائے گی۔قومی اسمبلی کے جن ملازمین نے بجٹ 2022-23ءکی تیاری میں حصہ لیا تھا،سپیکر راجہ پرویز اشرف قبل ازیں انہیں بھی 5 تنخواہیں بطور بونس دینے کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔ رواں سال اپریل میں سپیکر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک راجہ پرویز اشرف قومی اسمبلی کے ملازمین کو مجموعی طور پر 12ماہ کی تنخواہیں بطور بونس دے چکے ہیں، جس سے قومی خزانے پر 1ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دیگر وفاقی ملازمین کی نسبت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین کی تنخواہیں پہلے ہی کافی زیادہ ہیں۔

 

اس کے باوجود سپیکر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی طرف سے باقاعدگی کے ساتھ انہیں بونس میں تنخواہیں دینے کے اعلانات کیے جاتے رہتے ہیں۔ بالخصوص عید الفطر اور عید الاضحیٰ پر دونوں ایوانوں کے ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس لازمی ادا کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں