عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو کس جیل میں رکھا جائیگا؟ حکومت نے منصوبہ بندی کر لی

کراچی(پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہےکہ عمران خان قانون سے بالاتر شخصیت نہیں، انہیں گرفتار کیا گیا تو ان کو لانڈھی جیل میں رکھا جائےگا ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پیشیاں بھگتی ہیں،عمران خان کہتے ہیں کہ وہ جواب دہ نہیں ہیں، عمران خان پنجاب حکومت ریموٹ کنٹرول سے چلا رہے ہیں، وہ پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کو سیاست میں جھونکنا چاہتے ہیں۔

 

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے بیان جیسا جارحانہ بیان نہیں سنا، پی ٹی آئی کے لوگ لندن کی سڑکوں میں افواج کےخلاف نعرے لگاتے رہے، پی ٹی آئی مظلوم بننے کے بجائے اپنی غلطیوں پر غور کرے، عمران خان قانون سے بالاتر شخصیت نہیں ہیں۔وفاق اور صوبائی حکومت کے آمنے سامنے آنے پر انہوں نےکہا کہ اگرکوئی صوبہ وفاق کے خلاف، آئین کے خلاف یا قوانین کے خلاف بغاوت کردے تو آپ آئین کے تحت اس صوبے کی حکومت ختم کرسکتے ہیں اور گورنر راج لگا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی اگر شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے اور ایسے اقدامات کیے جو آئین کے متصادم ہوں گے تو وہ اپنی حکومت کو خطرے میں ڈالیں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close