یوم آزادی پر وزیراعظم، وزراء کی موجودگی میں مبینہ متنازع رقص، جماعت اسلامی کا شدید احتجاج، رقص کو بے حیائی قرار دیدیا

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں 14اگست کویوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی مرکزی تقریب میں وزیر اعظم اور وزراء کی موجودگی میں مبینہ متنازع رقص کے معاملے پر ارکان اسمبلی برس پڑے۔

 

جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ پروگرام میں وزیر اعظم شہباز شریف موجود تھے، اسپیکر اور دیگر وزراء بھی تھے،ان کی موجودگی میں جو بے حیائی وہاں ہوئی جو ڈانس وہاں ہوا،کیا یہ ڈائمنڈ جوبلی کا حصہ ہے؟ یہ چیزیں نہیں ہونی چاہئیں، میں اس پر شدید احتجاج کرتا ہوں، جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی محمد جمال الدین نے کہا کہ میں بھی 14 اگست والے پروگرام میں تھا، جو ہمارے سامنے پروگرام ہوئے ہماری تہذیب اس کی اجازت نہیں دیتی اور ہم وہاں بیٹھ کر شرمندہ تھے، آئندہ کے لئے اس طرح مت کیجئے، جی ڈی اے کی رکن سائرہ بانو نے کہا کہ زندہ قوم بننے کے لئے ہمیں یہ لائٹنگ اور ان چیزوں کی ضرورت تھی؟ وہاں پر لوگ ڈوب رہے ہیں ، یہ زندہ قوم ہم نے کس کو پیغام دیا ہے؟ ہم زندہ قوم نہیں ہیں جبکہ اس موقع پر اسپیکرراجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم زندہ قوم ہیں اور 22کروڑ زندہ قوم ہیں ، آپ ایسی بات نہ کریں ، میں سمجھتا ہوں آپ زیادتی کر رہی ہیں پاکستانی قوم کو آپ مردہ کہہ رہی ہیں؟ ہم زندہ قوم ہیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close