آج شروع ہونیوالا بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی ) صوبہ پنجاب میں آج سے 16 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، جن کے باعث صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

 

جس کی وجہ سے راولپنڈی، فیصل آباد، لاہوراور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں اور راولپنڈی، سیالکوٹ و نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ 18 اگست تک ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس لیے پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے پیشگی انتظامات کیے جائیں، ہنگامی حالات میں تمام ادارے یکجا ہو کر آپریشن میں حصہ لیں، روزانہ کی بنیاد پر ندی نالوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا جائے، اس دوران ڈی واٹرنگ سیٹس، ضروری مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا جائے۔دوسری طرف صوبہ بلوچستان میں بارشوں سے اب تک 188 افراد جاں بحق ہوگئے ، 40 ہزار کے قریب گھروں کو نقصان پہنچا، پانچ لاکھ ایکڑ پر پھیلی زرعی اراضی بھی تباہ ہوگئی ، صوبے کے 34 میں سے 26 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، صوبائی مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے ضیاءلانگو نے یہ بات ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

 

انہوں ے کہا کہ مون سون بارشوں سے 21 سو کلو میٹر قومی شاہراہیں اور 25 پل سیلاب کی نظر ہوگئے، 4 کے قریب بڑے اور چھوٹے ڈیموں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے کی جانب سے 20 ہزار افراد کو ٹینٹ دیے گئے جب کہ 30 ہزار افراد کو ایک ماہ کا کھانے پینے کا راشن فراہم کیا گیا ہے ، مختلف میڈیکل کیمپس میں 90 ہزار افراد کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے این ڈی ایم اے، خیبر پختون خواہ اور سندھ حکومت نے بھی امدادی سامان دیا ہے، اس مشکل گھڑی میں پاک افواج کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کم وسائل میں بہتر کام کر کے د کھایا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close