آئندہ کتنے روز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی کر دی

کراچی (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج سے 15 اگست کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے،جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔نجی ٹی وی “جیو نیوز “کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 اگست کی دوپہر سے ایک اور ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہوگا جس سے شہر میں بہت زیادہ شدت کی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

 

 

جب کہ بارشوں کا سلسلہ 18 یا 19 اگست کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ سمندر میں 14 اگست تک طغیانی رہے گی لہٰذا ماہی گیر گہرے سمندر میں نہ جائیں۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہےکہ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے،محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سنٹر نے الرٹ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن اس وقت کراچی سے 450کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، ڈپریشن کا فاصلہ ٹھٹھہ سے 500 کلومیٹر کی دوری پر ہے، ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں میں مزید جنوب مغربی سمت کی جانب بڑھا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں موجود اس سرگرمی کو ٹروپیکل سائیکلون سنٹر مسلسل مانیٹر کررہا ہے، بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close