جعلی اکاؤنٹ سے فوج مخالف بیان دینے والا پی ٹی آئی کا ایک اور کارکن سامنے آگیا

اسلام آباد (پی این آئی)بہاولپور کے ڈاکٹر ذوالقرنین نے اُم حریم کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ چلانے کا اعتراف کرلیا۔ڈاکٹر ذوالقرنین تحریک انصاف کا کارکن ہے اور اس نے فوج مخالف بیان دینے پر معذرت بھی کی ہے۔ڈاکٹر ذوالقرنین نے بتایا کہ نفرت انگیز پراپیگنڈا اس نے اپنی جماعت کے کہنے پر کیا۔ ڈاکٹر ذوالقرنین نے عمران خان کے جھوٹے بیانیے سے متاثر ہونے پر ندامت کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام جھوٹے لیڈروں کے ملک دشمن بیانیے کا حصہ نہ بنیں ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر شیری رحمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی حریفوں کو نشانہ بنانے کے لیے جعلی اور من گھڑت بیانیے کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کے اقدام پر غیر مشروط معافی مانگے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کو عوام میں جھوٹے بیانیے کو پھیلانے اور اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف کرپشن کے الزامات کی آڑ میں لوگوں کو گمراہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

شیری رحمان نے کہا کہ یہ ایک مناسب بحث ہے کہ عوام کو آگاہ کیا جائے کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت اپنے فرضی بیانات اور جھوٹ کے ذریعے پاکستان کو تنہا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خاموشی سے ایک امریکی لابیسٹ فرم کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ امریکہ میں اپنے تاثر کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بار بار امریکہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا اور اپنے جعلی بیانیے کے تحت قوم کو بے وقوف بنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں