جدہ میں دہشتگرد نے گرفتاری کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا دیا، پاکستانی سمیت 4افراد زخمی

جدہ (آئی این پی ) سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے دھماکے میں پاکستانی سمیت4افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکہ کرنے والا دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ جمعہ کو سعودی عرب کی پریزیڈنسی آف سٹیٹ سیکیورٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جدہ میں خود کش جیکٹ پہنے ایک شخص کو جب سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔عرب ویب سائیٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شخص جسے سکیورٹی فورسز نے دہشتگرد قرار دیا ہے، شہر کے الصمیر محلے میں جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔

دھماکے میں ایک پاکستانی شہری اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق، عبداللہ بن زید عبدالرحمن البکری الشہری کی گزشتہ سات برسوں سے مملکت میں حکام کی جانب سے مطلوب شخص کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے مقام کا سراغ لگایا اور اس کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا جس کے دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔پریزیڈنسی آف سٹیٹ سیکیورٹی نے کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے اور تمام شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مملکت کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں