آزاد کشمیرکابینہ کا بڑا فیصلہ، سرکاری تقریبات کے آغاز پر تلاوت قرآن کے بعد درود ابراہیمی پڑھنا لازمی قرار

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیرکابینہ کا بڑا فیصلہ، سرکاری تقریبات کا آغاز قران پاک سے کرنے کے بعد درود ابراہیمی پڑھنا لازمی قرار دے دیا گیا۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت منعقدہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں زکوۃ و عشر ایکٹ 1985 دفعہ 12 میں ترمیم اور آزادجموں وکشمیر سوشل پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے محکمہ بہبود آبادی کے ریٹائرڈ /وفات پاجانے والے ملازمین کی پنشن کی ادائیگیوں اور دیگر مراعات کی فراہمی کے حوالہ سے وزیر خزانہ عبدالماجد خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی کمیٹی میں وزرا حکومت چوہدری محمد رشید، چوہدری یاسر سلطان ، مشیر حکومت سردار محمد حسین خان اور تین سیکرٹریز حکومت شامل ہیں ۔ کمیٹی ایک ماہ میں اس حوالہ سے رپورٹ مرتب کر کے پیش کریگی۔کابینہ نے سرکاری اداروں کے کسی بھی پروگرام،تقریب یا اجلاس سے پہلے تلاوت کلام پاک کے بعد درود ابراہیمی پڑھنے کو لازمی قرار دےدیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے برسر پیکار کشمیر یوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام نے ہندوستان کے بد ترین ظلم و جبر کے سامنے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان کے بدترین مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکے۔ آزادکشمیر، پاکستان و گلگت بلتستان کے عوام مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی پشت پر ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی سے ہندوستان کی جعلی جمہوریت کا پردہ دنیا سے سامنے چاک ہو گیا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے باز رکھے اور کشمیریوں کو بنیادی حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کا قیام شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت آزادخطہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیا س خان نے شمالی وزیر ستان میں ہونے والے خود کش حملے کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے حملہ میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسزکے آفیسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی وکشمیری قوم کو اپنی بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے۔ افواج پاکستان نے دفاع وطن کیلئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔ دہشگردی کے خلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے دہشتگردوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ساری قوم متحد ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں