سابق جرنیل کے بیٹے کی عمران خان سے ملاقات، اہم رہنماؤں کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سربراہ پاکستان مسلم لیگ(ض)اعجازالحق نے ملاقات کی اور ان سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں طے پایاکہ پی ٹی آئی کے 13اگست جلسے کے بعد اس بارے میں باقاعدہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق بدھ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سربراہ پاکستان مسلم لیگ(ض)اعجازالحق نے یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اعجاز الحق نے بتایا کہ عمران خان سے بہاولنگر کی نشست پر ضمنی الیکشن مل کر لڑنے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، طے پایا کہ 13اگست جلسے کے بعد اس بارے میں باقاعدہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے، کسی نے کوئی غلط کام کیاہے تو باقاعدہ وارنٹ جاری کرکے تفتیش کی جاسکتی ہے۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ 13 اگست کو لاہور جلسے میں اہم اعلانات کروں گا اور مستقبل کالائحہ عمل دوں گا۔علاوہ ازیں سابق ایم این اے قمرالزمان کھگہ کے بیٹے سہیل زمان کھگہ اور سردار سمیع کی بھی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ سہیل زمان کھگہ اور سردار سمیع نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں