فوج کیخلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں ، اسد قیصر نے بیان جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی )سینئر رہنما تحریک انصاف و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ فوج کے خلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں جب کہ شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔پشاور میں میڈیا سےگفتگو کے دوران اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور ایف آئی اے کے نوٹس پر کہا کہ یہ ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق انہوں نے کہا کہ اکاؤنٹ ہم نےصرف سہولت کے لیے کھولا تھا

اور یہ غیرقانونی نہیں ہے، اکاؤنٹ ملازمین کی تنخواہوں اور دفترکے اخراجات کے لیے کھولا تھا، اکاؤنٹ سے رقم جمع اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں، اکاؤنٹ سے 6 سال میں صرف 21 لاکھ روپےکی ٹرانزیکشن ہوئی۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے، ہم کسی کے غلام نہیں بلکہ آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں۔شہباز گل سے متعلق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فوج کےخلاف (ن) لیگ، مولانا فضل الرحمان نے جو لہجہ استعمال کیا

ان کے خلاف بھی پرچے ہونے چاہئیں، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں، فوج کے خلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کے خلاف ثبوت ہے توعدالت میں پیش کیا جائے،عدالت میں اس کا فیصلہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں