اے آر وائی نے شہباز گل کے بیان سے اظہار لاتعلقی کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) اے آر وائی نیوز نے عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کے فوج کے حوالے سے متنازعہ بیان سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔اے آر وائی کے اینکر پرسن کاشف عباسی نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز شہباز گل نے اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کی جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا، رانا ثناء اللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں اے آر وائی کو سازش کا حصہ قرار دیا گیا۔

 

 

کاشف عباسی کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے چینل انتظامیہ سے بات کی اور ان کا آفیشل موقف پیش کر رہے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اے آر وائی اس بیان کی مذمت کرتا ہے، ادارے کے طور پر کبھی بھی یہ چینل کسی ادارے کے خلاف مہم کا حصہ بنا ہے اور نہ آئندہ بنے گا، کبھی اداروں کو ٹارگٹ نہیں کیا بلکہ اے آر وائی پر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ ان کا جھکاؤ بہت زیادہ فوج کی جانب ہے، یہ ایک ایساچینل ہے جو ہمیشہ سے نہ صرف فوج کی عزت کرتا ہے بلکہ مضبوط فوج کا حامی ہے۔ کاشف عباسی کے مطابق چینل کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ ہم ایک پلیٹ فارم ہیں، ہم جب کسی کو لائن پر لیتے ہیں تو اس کا دماغ نہیں پڑھ سکتے کہ وہ ٹی وی پر آکر کیا کہے گا۔ سٹریٹجک میڈیا سیل کی سٹوری پر شہباز گل کو لائن پر لیا گیا ، ادارے کو پتا نہیں تھا کہ وہ رینک اور فائل کے حوالے سے گفتگو کریں گے اور کہیں گے کہ لوگ حکم نہ مانیں، ہم اس کے خلاف ہیں اور اس کی مذمت نہیں کرتے، ادارے کے طور پر اس سازش سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔کاشف عباسی نے معاملے پر ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کی ویڈیو کو بہت سے حلقوں میں بہت سیریس لیا گیا ہے۔

 

اس کی کسی قسم کی پلاننگ میں ہمارا کوئی حصہ نہیں اور نہ ہی کوئی ملاقات ہوئی ہے، چینل کے مالک سلمان اقبال خود امریکہ بیٹھے ہوئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے،20 سال میں ہم پر کبھی یہ الزام نہیں لگا کہ ہم نے فوج کے خلاف کوئی مہم چلائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close