آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے اسد عمر کا اہم مطالبہ آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ فریش مینڈیٹ والی حکومت کو آرمی چیف تعینات کرنا چاہیے، فائدے کیلئے آرمی چیف تعینات کرنے والوں نے پاکستان کی تاریخ نہیں پڑھی۔جیو نیوز کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے مجھے عمران خان کا متبادل بننے کی پیشکش کی گئی۔

 

تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل دو لوگوں نے بنی گالہ میں ان سے ملاقات کی اور مجھے عمران خان کا متبادل بننے کی پیشکش کی۔جس پر میں نے ان کو فوری جواب دیا کہ کیا آپ لوگوں کا دماغ خراب ہوگیا ہے، عمران خان کے بغیر تحریک انصاف ہے کیا؟ پیشکش کرنے والوں کا نام نہیں بتا سکتا، ہاں ان لوگوں کا تعلق فوج سے نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ فریش مینڈیٹ والی حکومت کو آرمی چیف تعینات کرنا چاہیے، فائدے کیلئے آرمی چیف تعینات کرنے والوں نے پاکستان کی تاریخ نہیں پڑھی۔ بلواسطہ یا بلاواسطہ مداخلت کرنے والے آرمی چیف کو اسی وزیراعظم نے لگایا جس کی حکومت میں مداخلت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے تحریک انصاف فوج سے محبت کرتی ہے جبکہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور فضل الرحمان کے فوج مخالف بیانات بھی سب کے سامنے ہیں، 3 مرتبہ یہ خبر پھیلائی گئی کہ عمران خان آرمی چیف کو ہٹانے لگے ہیں جبکہ عمران خان خود انٹرویو میں کہہ چکے کہ آرمی چیف کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ فوج کی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ناراضگی نہیں ہے، میرا خود اب بھی فوج کے ساتھ رابطہ ہے۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ حالات ایسے بنے تھے کہ سب سمجھ رہے تھے عمران خان ختم ہوگیا، اتحادی حکومت پھنس گئی ہے یہ نہ حکومت چھوڑ سکتے ہیں نہ چلا سکتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے وہ جیل جائیں یا ضمانت کروائیں، نواز شریف واپس آئیں اور ون ٹو ون عمران خان کے ساتھ مقابلہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں