آزاد کشمیر، چاہے ہماری حکومت چلی جائے، پی ٹی آئی کی حکومت اختیار واپس کرنے والی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے آل پارٹیز کانفرنس میں اعلان کر دیا

اسلام آباد (آئی اے اعوان) وزیراعظم آزادکشمیر اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد ریاست جموں وکشمیر کے اسٹیٹس کے ساتھ کوئی نہیں چھیڑ سکتا ۔پی ٹی آئی کی حکومت اختیار واپس کرنے والی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی چاہے ہماری حکومت ہی چلی جائے۔ اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کی طرف سے پندرہویں آئینی ترمیم کا سرکاری طور پر کوئی مسودہ وصول نہیں ہوا ۔

سوشل میڈیا پر متنازعہ مسودہ کس نے سرکولیٹ کیا اس پر تحقیقات کرکے قانونی کارروائی کریں گے ۔انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہے۔پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور ہمارا پاکستان سے ایمان کا رشتہ ہے مگر ہماری حکومت عوام کے حقوق اور دئیے گئے مینڈیٹ کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ ہماری حکومت اختیار واپس کرنے والی کسی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی چاہے ہماری حکومت کیوں نہ چلی جائے۔ تقسیم جموں کشمیر کی کوئی بھی بھارتی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد جموں کشمیر کے اسٹیٹس کے ساتھ کوئی نہیں چھیڑ سکتا اور تیرہویں آئینی ترمیم کے تحت ریاست کو جو انتظامی و مالی اختیارات حاصل ہوئے ان کو کسی صورت واپس نہیں کریں گے۔ آزادکشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی بھی مسودہ سرکاری طور پر وصول نہیں ہوا۔ حکومت نے پندرہویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی بھی کمیٹی تشکیل نہیں دی۔ پاکستان کی 24 کروڑ قوم آزاد جموں کشمیر کے ریاستی ڈھانچے کی قدر کرتے ہیں۔ یہ ریاست صوبہ نہیں بن رہی یہ سب افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔آزادکشمیر کو یہ انتظامی و آئینی ڈھانچہ پاکستان اور آزادکشمیر کے اکابرین نے ملکر دیا ہے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کو جدید ترقی کے تقاضوں کے تحت آگے لے جایا جا رہا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں ملک و بیرون ملک کے بڑے سرمایہ کار دلچسپی لے رہے۔ ہم اس شعبے کو ترقی دینے کی پالیسی بنا چکے ہیں تاکہ لوگوں کو مقامی روزگار مل سکے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم پاکستان فوج کے سینئر افسران کی بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج اس ملک کی محافظ ہیں اور فوج کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close