اسلام آباد(پی این آئی)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے 84 سیٹوں والے کہہ رہےہیں 155 سیٹیں لینے والی پارٹی پر پابندی لگا دیں گے، وفاقی حکومت کے پاس کسی پارٹی کو تحلیل کرنے کا اختیار ہی نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کردے گی اور فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر پر پھر تنقید کرتے ہوئے انہیں پی ڈی ایم کا آلہ کار قرار دے دیا۔
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا کہ اس نے وزیر قانون کی ہدایت پر ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ بدلا۔انہوں نے کہا کہ ریفرنس حکومت کو بھیجنے کی بات بعد میں فیصلے میں شامل کی گئی، فیصلے میں سقم کے پہاڑ ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اتنی عجلت میں فیصلہ دیا جس کا پی ڈی ایم نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں مطالبہ کیا تھا، زیر التوا کیسز کے دوران چیف الیکشن کمشنر کیسے ملاقات کرسکتے ہیں ، کل تحریک انصاف اس کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے گی، الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں کہ حکومت کو ریفرنس بھجوائے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبر سندھ کیخلاف ریفرنس دائر ہوچکے ہیں وہ کیسے فیصلے پر دستخط کرسکتے ہیں؟ ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے، آپ تحریک انصاف اور عمران خان پر پابندی نہیں لگا سکتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں