الیکشن کمیشن، ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ، پولیس اور ایف سی کے 1000 جوان تعینات غیر متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

اسلام آباد(آئی این پی )ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ، الیکشن کمیشن میں پولیس اور ایف سی کے 1000 جوان تعینات ہونگے ۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق لا ء ونگ حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)ممنوعہ فنڈنگ کیس کے متعلق تیاری پر حتمی بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو کیس کے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنیکی ہدایت کی اور کیس کے فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آج منگل کے روز سکیورٹی کے انتظامات کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے منگل کو الیکشن کمیشن کی سکیورٹی فول پروف کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار الیکشن کمیشن پر تعینات کیے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ فیصلے کے موقع پر اسلام آباد کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، غیر متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، میڈیا سمیت ریڈ زون دفاتر جانے والوں کو شناخت کے بعد جانیکی اجازت ہوگی جب کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج سنایا جائیگاپاکستان تحریک انصاف کا مستقبل کیا ہو گا؟ کیا پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ ہوگی؟ کیا عمران خان پر غلط بیانِ حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہو گا؟ کیا فوجداری مقدمات قائم کیے جائیں یا پھر پارٹی کو کلین چٹ ملے گی؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان آج صبح دس بجے فیصلہ سنائیگا۔الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔کاز لسٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان فیصلہ سنائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں