پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور( پی این آئی)محکمہ داخلہ کے فیصلے کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہو گیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام میں امن و امان کے پیش نظر دفعہ 144کے نفاذ کے احکامات جاری کئے تھے۔نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہو گی، لائسنسی اسلحہ بھی ساتھ رکھنے پر پابندی ہو گی۔ محرم کے جلوس کے راستوں کے آس پاس کسی قسم کی کنسٹرکشن کی اجازت نہ ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی۔ اس کے علاوہ بینرز، پلے کارڈز اور اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی عائد ہو گی۔دوسری جانب خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔اس دن کی مناسبت سے مختلف مذہبی تنظیموں کی جانب سے سیمینارز ، کانفرنسز اور دیگر تقریبا ت کا انعقاد کیا گیا جس میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالی گئی ۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے انصاف کا بے مثال نظام بنایا، مثالی فلاحی ریاست قائم کی، 22 لاکھ مربع میل رقبے پر حکومت کی۔حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی خلافت 10 سال 6 ماہ 10 دن تک قائم رہی۔ قیصر و کسری کا خاتمہ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے دور میں ہوا، جنہوں نے انصاف کا بے مثال نظام قائم کیا۔فاروق اعظم فاتح بیت المقدس ہوئے۔ آپ کی مسلسل فتوحات سے اہل باطل گھبراگئے تھے۔ایک مجوسی فیروز ابولولو کے حملے سے یکم محرم تئیس ہجری مدینہ میں آپ کی شہادت پائی۔ آپ کی تدفین آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ اقدس میں ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close