ایسے احمق حکمران پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے، استعفے منظور ہونے پر فواد چوہدری کا ردِ عمل

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا ردِ عمل بھی آگیا۔اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا “ایسے احمق حکمران پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے، ملک میں بحران کم کرنے کی بجائے سوچ یہ ہے کہ بحران بڑھایا جائے اس سے لگے گا ہم اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہیں اور ہمیں ووٹ ملے گا، یہ وہ احمق ہیں جو گڑھے میں گر گئے ہیں اور بجائے باہر نکلنے کی کوشش کے گڑھا اور گہرا کھود رہے ہیں۔”

خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرکے مراسلہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیا ہے۔جن ارکان کے استعفے قبول کیے گئے ہیں ان میں علی محمد خان(NA-22)، فضل محمد خان(NA-24)، شوکت علی(NA-31)،فخر زمان خان(NA-45)، فرخ حبیب(NA-108)، اعجاز احمد شاہ(NA-118)، جمیل احمد خان(NA-237)،محمد اکرم چیمہ(NA-239)، عبدالشکور شاد(NA-246) کے استعفے منظور کیے ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین ارکان ڈاکٹر شیریں مزاری اورشندانہ گلزار خان کےاستعفے بھی قبول کیے گئے ہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے استعفے آئین پاکستان کے آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے منظور کیے۔پی ٹی آئی کے مبران قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو اپنی نشستوں سے استعفے دیے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں