وزیراعلیٰ بنتے ہی چوہدری پرویزالٰہی نے پنجاب کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

لاہور(پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے آج ویڈیو لنک ملاقات کی۔ ڈاکٹر شہباز گل اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ویڈیولنک ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی و انتظامی امور اور عوام کے فلاح وبہبود کے پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے مسائل کے فوری حل کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

عمران خان نے پنجاب میں احساس پروگرام، صحت انصاف کارڈ اور دیگر فلاحی پروگرام فی الفور شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سابق پنجاب حکومت نے ہمارے فلاحی پروگراموں کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بلاتاخیر فلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں احساس پروگرام، صحت انصاف کارڈاوردیگر فلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے ملاقات کی۔عثمان بزدار نے چودھری پرویزالٰہی کو وزارت اعلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی۔

 

ایوب آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر اور ایوب آفریدی نے چودھری پرویزالٰہی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ڈیرہ غازی خان میں گجوجی پل کے نزدیک تہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مقتولین کے خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت آج ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی، شاہ محمود قریشی، فرخ حبیب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ہاشم جواں بخت، زین قریشی اور دیگر حکام لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ فواد چوہدری، ڈاکٹر شہباز گل، اسد عمراور دیگرنے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فلاح عامہ کے منصوبوں کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔

 

عمران خان نے پنجاب میں ”احساس راشن پروگرام“ شروع کرنے کی منظوری دی۔ عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔ تین ماہ میں معیشت کی جو بربادی ہوئی ہے اسے ہرشہری پریشان ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہو وہ اقدام فوری اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اورسینٹر ل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کوکم سے کم وقت میں شروع کریں گے۔ میں خود ان منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے موثر نظام تشکیل دیں گے۔پنجاب میں احساس راشن پروگرام کے اجراء کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ذمہ داری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں