اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 11 رہنمائوں کے استعفے قبول کر لیے

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی منظوری کے بعد ڈاکٹر شیریں مزاری، علی محمد خان، فرخ حبیب سمیت 11 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 131 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

 

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خورشید شاہ، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سے مشاورت کے بعد تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے مرحلہ وار منظور کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں ڈاکٹر شیریں مزاری، علی محمد خان، فرخ حبیب، فضل خان، شوکت علی، فخر زمان، اعجاز شاہ، جمیل احمد خان، اکرم چیمہ، شکور شاد، شاندانہ گلزار شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ 11 ایم این ایز کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو باقاعدہ مراسلہ بھی بھیج دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے فلور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ 11 اپریل 2022 کو تحریک انصاف کے کل 131 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے ڈپٹی اسپیکر کے پاس جمع کروا دیے تھے۔

 

تاہم بعد ازاں نئے منتخب ہونے والے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اراکین کے حاضر ہو کر تصدیق کرنے تک استعفے منظور نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ بھی واضح رہے کہ تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین قومی اسمبلی اب بھی ایوان کا حصہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close