آزاد کشمیر، بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان، حکومت پاکستان سے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کیلئے درخواست کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کوقائم رکھنے کیلئے حکومت پاکستان سے سیکورٹی فورسز فراہم کرنے کیلئے تحریک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں سپریم کورعبدٹ کے فیصلے کے مطابق ایک ہی دن الیکشن کرانے کے حوالے سے امن وامان کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل، ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان کو تحریک کی جائے گی کیونکہ سپریم کورٹ نے ایک ہی دن تینوں ڈویژنز میں پولنگ کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں اور آزادکشمیر پولیس اس عمل کے لیے ناکافی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹر فہرستوں کی اپ ڈیشن و نئی حلقہ بندیوں کے بعد پولنگ سٹیشنز کی تعداد 5192 ہو گئی ہے۔ گزشتہ عام انتخابات کے دوران بھی امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور انتخابات کے پُرامن اور صاف و شفاف انعقاد کے لیے پاکستان سے 19 ہزار سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close