اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کیلئے جوڑتوڑ شروع، پانچ بڑے ناموں پر غور

اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب قرار دیے جانے کے بعدپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کے لیے جوڑ توڑ شروع ہوگئی۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں کے نام سامنے آگئے ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی اسپیکر شپ کے لیے میدان میں ہیں جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی اسپیکر کے منصب کے لیے متحرک ہیں۔ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما سبطین خان اور میاں محمود الرشید بھی اسپیکر شپ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ میاں اسلم اقبال کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے واثق قیوم اور ملک تیمور کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے نام کی حتمی منظوری پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان دیں گے۔واضح رہے کہ اسپیکر کا عہدہ پرویز الٰہی کے وزیر اعلی بن جانے سے خالی ہوا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کے خلاف جلد عدم اعتماد تحریک پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں