حمزہ شہباز کبھی وزیراعلیٰ منتخب ہوا ہی نہیں، ایک اور تہلکہ خیز دعویٰ آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عدالت نے حکمران اتحاد کو تیسرا موقع دیا ہے لیکن ان کے وکلا جواب نہیں دے پائے، حمزہ شہباز کبھی وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہی نہیں تھا۔

 

سپریم کورٹ کی جانب سے حکمران اتحاد کی ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا مسترد کرنے کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عدالت نے انہیں بھرپور وقت دیا اور جواب نہ ملنے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، ووٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق پارلیمانی پارٹی کرے گی یا پارٹی سربراہ کرے گا؟ اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے انہیں تیسرا موقع دیا ہے، کوئی وکیل بھی ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کی بات نہیں کر رہا تھا، اگرچہ نقصان تو بہت ہو رہا ہے لیکن کارروائی کو مکمل کرنا اچھی چیز ہے، حمزہ شہباز کبھی وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہی نہیں تھا، وہ پہلے دن سے ہی اس کرسی پر بیٹھنے کا حق دار ہی نہیں تھا،ان کی کوشش تھی کہ انہیں کسی طرح مزید وقت مل جائے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے، یہ ن لیگ جیسی پارٹی نہیں جس کو فیصلہ پسند نہ آئے تو سپریم کورٹ پر حملہ کردے، ہم جج صاحبان کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ کل فیصلہ ہوجائے گا۔

 

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے حکمران اتحاد کی ڈپٹی سپیکر رولنگ کے کیس میں فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ موجودہ تین رکنی بینچ ہی کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے معاملے کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close